روپے کی بےقدری: وزیرپیٹرولیم نے پیٹرول مزید مہنگا ہونے کا عندیہ دیدیا

Mar 03, 2023 | 10:05 AM

ایک نیوز: روپے کی امریکی کرنسی کے مقابلے میں تاریخی بےقدری کے بعد حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے تشویشناک خبر سنادی۔ 

تفصیلات کے مطابق  وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق نے  روپے پر دباؤ بڑھنے کی صورت میں تیل مہنگا ہونے کا اشارہ دے دیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ عدم استحکام کی وجہ سے ملک کو مسائل کا سامنا ہے، استحکام سے متعلق معاملات پر جن لوگوں کے پاس اتھارٹیز ہیں انہیں بھی غور کرنا چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ روپے پر دباؤ بڑھتا رہا تو آئندہ تیل مہنگا ہوسکتا ہے، روس سے تیل کی درآمد پر معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ عدم استحکام کی وجہ سے ہوا ہے، موجودہ غیریقینی صورتحال میں ملک چلانا بہت بڑی بات ہے۔

مصدق ملک نے سوال کیا کہ اسحاق ڈار سے پہلے کس کس کو استعفیٰ دے کر گھر جانا چاہیے؟ ڈار سے پہلے جن لوگوں کے پاس اختیار ہے ان کو بھی غور کرنا چاہیے ، کبھی لگتا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہوگئی کبھی لگتا ہے کہ بحال ہوگئی ، کبھی لگتا ہے کہ استعفے منظور ہوگئے کبھی کہا جاتا ہے مستعفی نہیں ہوئے۔

مزیدخبریں