ایک نیوز: پاکستان کرکٹ بورڈ نے تجربہ کار آل راؤنڈر ندا ڈار کو قومی وویمنز کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ندا ڈار کو گزشتہ دنوں قومی ویمنز ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دینے والی بسمہ معروف کی جگہ پاکستانی ٹیم کی قیادت سونپی جائے گی۔بسمہ معروف نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے استعفیٰ دیا تھا۔ندا ڈار کو ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے قومی ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا جو کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے قبول کرلیا گیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے بتایا کہ میں نے پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے، بسمہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے موقع دینا چاہتی ہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات ہے کہ بسمہ مستقبل میں پاکستان کے لیے کھیلتی رہیں گی اور اپنے ملک کا نام روشن کریں گی۔ بسمہ معروف کی قیادت میں قومی ٹیم نے 34 میں سے 16 ون ڈے میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 62 میں سے 27 ٹی ٹوئنٹی جیتے ہیں۔