ایک نیوز: صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے تین درندہ صفت ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گوجرانوالہ پولیس کے مطابق گرفتار کئے جانے والے تینوں ملزمان نے تھانہ اروپ، تتلے عالی اور لدھیوالہ وڑائچ میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران خواتین کے ساتھ زیادتی کی۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت ذیشان، ساجد اور عامر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ذیشان اور عامر سگے بھائی ہیں، ملزمان نے 26 فروری کو اروپ میں دوران ڈکیتی ماں اور بیٹی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تھی جس کا مقدمہ درج کروانے پر ملزمان نے گزشتہ روز دوبارہ متاثرہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ گوجرانوالہ میں دوران ڈکیتی زیادتی کے واقعات پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوٹس لیا تھا۔
محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور قرار واقعی سزا دلانے کی ہدایت کی تھی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ متاثرہ خواتین کو انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔