بغاوت کیس،شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

بغاوت کیس،شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کیپشن: Sedition case, non-bailable arrest warrant issued for Shehbaz Gul

 ایک نیوز :اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں عدالت نے رہنماپی ٹی آئی شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

ایڈیشنل سیشن جج عدنان رسول نےوارنٹس جاری کرتے ہوئے شہباز گل کو گرفتار کر کے 6 جون کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا ہے کہ شہباز گِل کی جانب سے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، درخواست گزار وکیل کے مطابق شہباز گِل لاہور ہائی کورٹ کی اجازت سے بیرون ملک گئے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوٹر کے مطابق شہباز گل کی بیرون ملک جانے کی اجازت کی معیاد ختم ہو چکی ہے، وہ جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔

عدالت نے کہا کہ پراسیکیوٹر نے شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی، شہباز گل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ 6 جون کو سنایا جائے گا۔

اس سے قبل شہباز گِل کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی۔