ایک نیوز: نگران وزیراطلاعات فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے جناح ہاؤس لاہور کے دورے کے موقع پر کہا ہے کہ دہشتگردانہ اور شدت پسندانہ سوچ ساری قوم کی نہیں ہے۔ اسی لیے ایک پارٹی 5 دن میں ختم ہوگئی۔
صوبائی وزیر اوقاف مذہبی امورپنجاب سید اظفر علی اور وزیر اطلاعات، اوقاف خیبر پختونخوا فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے جناح ہاؤس کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خیبرپختونخوا کے عوام کی جانب سے جناح ہاؤس آئے ہیں۔ قائد اعظم کی اشیاء جلانا ایک ٹولے کی حرکت ہے۔ پوری قوم کی ایسی سوچ ہرگز نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک پارٹی پانچ دن میں ختم ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ شہید ہماری شان ہیں۔ یہ پاکستان ان شہیدوں کی وجہ سے قائم ہے۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف 84 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ جس میں تین ہزارایک سو بیس گرفتاریاں ہوچکی ہیں اور 28 کیس ملٹری کورٹس کو بھیج دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ 2 مزید کیس ملٹری کورٹس کو بھیجنے کا معاملہ چل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کرنل شیرخان شہید ہے۔ مجسمے کے ساتھ جو حرکت کی گئی وہ ناقابل برداشت ہے۔ میں میجر شیر خان کے بھائی کے پاس گیا۔ بیٹھا اور معذرت بھی کی۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے تین دن بغیر کھانے اور پانی کے پاکستانی جھنڈا بلند رکھا۔
فیروز جمال شاہ نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا میں منصوبے چند فیصد کام کے بعد چھوڑ دیے گئے۔ سابق حکمران اپنے معاملات طے کرکے ان منصوبوں کو ادھورا چھوڑ گئے۔ جس کی وجہ سے صوبہ معاشی دلدل میں ہے۔
وزیراوقاف مذہبی امور پنجاب سید اظفر علی:
صوبائی وزیر مذہبی امور پنجاب سید اظفر علی نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیراعلی کی جانب سے میاں فیروز جمال کے شکر گزار ہیں۔ 9 مئی کے واقعات کو خود آنکھوں سے دیکھا۔ جو سیاہ دھبہ لگایا گیا۔ اس سے ہمارا سر پوری دنیا کے آگے جھک گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پرامن احتجاج کرنے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں لیکن یہ احتجاج کی آڑ میں بغاوت اور غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کس پارٹی کا لیڈر گرفتار نہیں ہوا؟ اس فعل کے اندر تمام ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر واضح پیغام دیا کہ ہنگاموں میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔