عدالت کا اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم

Jun 03, 2023 | 15:22 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: سندھ ہائیکورٹ نے آن لائن سسٹم پر حاضری نا لگانے والے ٹیچرز کی تنخواہیں روکنے کا حکم  دے دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں تعلیمی اصلاحات اور آن لائن حاضری سسٹم سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران آن لائن سسٹم پر حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا گیا۔سماعت کے دوران عدالت نے سیکریٹری آئی ٹی کو حاضری سسٹم مزید اپڈیٹ کرنے اور اساتذہ کی آن لائن ایپ پر حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ آن لائن سسٹم پر حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روک دی جائیں۔

سیکریٹری تعلیم سندھ اکبر لغاری کی جانب سے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا گیا کہ اکثر اساتذہ کے پاس اینڈرائیڈ موبائل فون نہیں ہے اور کچھ اساتذہ ایپ کا بہانہ بنا رہے ہیں لیکن ہم نے اپنی کوششیں کی اور اب اساتذہ کی حاضری77فیصد ہوگئی ہے۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایپ چلانا نہیں آتی، سگنل نہیں آتے، موبائل نہیں، یہ سارے بہانے ہیں۔ سعودی عرب سے کوئی وائس میسج کرتا ہے تو وہ سن لیتے ہیں، گھنٹوں گھنٹوں فون پر بات کرلیتے ہیں تب سگنل آرہے ہوتے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ٹک ٹاک کے بھی مزے لیتے ہیں باقی آن لائن سسٹم پر حاضری کے لئے انٹرنیٹ نہیں ان کے پاس، یہ سارے بہانے ہیں جو حاضری نہیں لگا رہا ان سب کی تنخواہیں نہ دی جائے۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہیں بند ہوں گی تو اساتذہ اس فون سے بھی حاضری لگائیں گے۔ آئندہ سماعت پر سیکریٹری آئی ٹی حاضری سسٹم کو مزید اپڈیٹ اور سیکریٹری تعلیم پیش رفت رپورٹ پیش کرے۔

مزیدخبریں