ایک نیوز: وفاقی حکومت 9 جون کو آئندہ مالی سال 2023/24 کا بجٹ پیش کرنے جارہی ہے۔ اس حوالے بہت سی بجٹ تجاویز سامنے آرہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت گزشتہ روز ہونے والے پی ایس ڈی پی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے 1100 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا جائے گا۔ سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے 359 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔
پی ایس ڈی پی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ توانائی کے 101 پراجیکٹس کیلئے 102 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویزکیا گیا ہے۔ جام شورو میں 600 میگاواٹ کے دو کول پاور پراجیکٹس کیلئے 12 ارب روپے مختص کیے جائیں گے اور سکھی کناری پاور پراجیکٹ کیلئے 12.5 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا جائے گا۔
دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کیلئے 156.4 ارب کا ترقیاتی بجٹ مختص ہوگا۔ آئندہ بجٹ میں پانی کے 82 منصوبوں کیلئے 167 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ہوگا۔ صحت کی 38 اسکیموں کیلئے 20 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ایس ڈی پی دستاویزات کے مطابق ایچ ای سی کے 152 پراجیکٹس کیلئے 45 ارب کا ترقیاتی بجٹ خرچ کیا جائے گا۔ ایچ ای سی کیلئے 2.6 ارب روپے کے 14 نئے پراجیکٹس بجٹ میں شامل ہیں۔