ایک نیوز:جڑی بوٹیوں میں شمار کیے جانے والا ادرک خود میں صحت کا خزانہ سموئے ہوئے ہے، غذائیت اور فوائد سے بھرپور ادرک کے استعمال کے صحت پر بے شمار اثرات مرتب ہوتے ہیں جنہیں نظر انداز کرنا اپنی صحت پر خود ظلم کرنے کے مترادف ہے۔
غذائی ماہرین ادرک کو سپر فوڈز میں شمار کرتے ہیں۔
غذائی ماہرین کے مطابق ادرک میں پائے جانے والے رس میں ایک تیکھا جُز پایا جاتا ہے جو گلے کی سوزش سے بچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ سر درد، زکام سے بچنے کے لیے بھی اسے ایک اچھا علاج تصور کیا جاتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق ادرک میں بڑی تعداد میں فائبر، وٹامنز اور قدرتی اینٹی بائیوٹک خصوصیات پائی جاتی ہیں جن کے استعمال سے اوسٹیو آرتھرائیٹس (جوڑوں کا درد) ، نظام انہضام، دمہ، بخار، اپھارہ، مائیگرین، ذیابطیس، ہائی کولیسٹرول لیول اور بلڈ پریشر میں مفید ثابت ہوتی ہیں۔
ادرک کا استعمال اس کے تُرش اور بہترین ذائقے کے سبب پکوانوں سمیت بطور سلاد میں بھی کیا جاتا ہے، ادرک کے استعمال سے حاصل ہونے والے چند فوائد اور استعمال مندرجہ ذیل ہیں۔
سوزش میں آرام
ادرک میں انسداد سوزش کی خصوصیات پائی جاتی ہیں جس سے پٹھوں اور جوڑوں کے درد میں آرام ملتا ہے، ادرک میں اینٹی اینفلامیٹری خُوبیاں بھی شامل ہیں، پٹھوں یا جوڑوں کے درد کے لیے ادرک کی چائے اس درد سے نجات دلا سکتی ہے، ادرک کے پانی سے پٹھوں اور جوڑوں کی ٹکور بھی کی جا سکتی ہے۔
متلی کا علاج
ادرک نہایت مؤثر طریقے سے متلی کی شکایت میں کمی لاتی ہے، متلی کی علامات سے چھٹکارا پانے کے لیے ایک انچ ادرک کو ایک سے دو کپ پانی میں شامل کر کے دس منٹ تک رکھا رہنے دیں، اس کے بعد اس پانی میں ایک چمچ شہد شامل کر کے استعمال کریں، اس عمل سے متلی کی علامات میں واضح کمی آئے گی۔
ہائی کولسیٹرول کا علاج
جسم میں ہائی کولیسٹرول متعدد بیماریوں کا سبب بنتا ہے، وزن اور کولیسٹرول میں کمی لانے کے عمل کو تیز کرنے کے لیےادرک کا استعمال نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ادرک کولیسٹرول میں کمی لانے کے عمل کو تیز کرتا ہے اور موٹاپے کےخلاف میٹابولزم کو بھی مضبوط بناتا ہے۔
ذیا بیطس کے مرض میں مفید
ادرک ذیابیطس کی علامات کو کم کرنے کے لیے نہایت مفید کردار ادا کر سکتی ہے، اگر ہر روز چار گرام تک ادرک کو استعمال کیا جائے تو بلڈ شوگر لیولز میں کمی آتی ہے اور انسولین کی ریگولیشن بہتر ہوتی ہے، ذیابیطس کے مریضوں کو اپنے ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق ادرک استعمال کرنا چاہیے۔
قوتِ مدافعت میں اضافہ
کسی بھی موسم میں بیماریوں سے بچنے کا بہترین ذریعہ یہی ہے کہ مدافعتی نظام کو مضبوط بنایا جائے، ادرک میں طاقتور اینٹی آکسائیڈینٹ خوبیاں پائی جاتی ہیں جو مدافعتی نظام کو تقویت دیتی ہیں اور انہیں مختلف موسمی جراثیموں سے لڑنے کی قوت دیتی ہیں۔
ذہنی دباؤ میں آرام
ادرک ہمارے دماغ کے افعال کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے ، اس میں شامل اینٹی آکسائیڈینٹ اور بائو ایکٹِو کمپاؤنڈز دماغ میں دائمی سوزش پیدا کرنے والے عوامل کو کم کرنے کا باعث بنتے ہیں، ادرک کی چائے میں جسم کو سکون دینے والے اجزا شامل ہوتے ہیں جو اعصابی تناؤ اور پریشانی کی صورت میں آرام دے سکتے ہیں، ادرک کی یہ خصوصیت اس کی خوشبو اور شفا بخش ہونے کے سبب ہے۔
بالوں کی صحت میں ادرک کا کردار
ادرک کا استعمال بالوں کے جھڑنے کی بیماری میں بھی بے حد معاون ہے، بال لمبے گھنے چمکدار بنانے کے لیے ہفتے میں دو بار ادرک کا رس نکال کر اس سے بالوں کی جڑوں میں 30 منٹ ہلکے پوروں سے مساج کرنا چاہیے، اس عمل کے نتیجے میں بال جلد ہی صحت مند ہونا شروع ہو جاتے ہیں ۔
خواتین کی صحت اور ادرک کے فوائد
خواتین کے لیے ادرک کا استعمال نہایت مفید اور لازمی قرار دیا جاتا ہے، بچے کی پیدائش کے بعد ادرک کا قہوہ بنا کر پینے سے جسم کی سوجن میں کمی آتی ہے اور خواتین متعدد طرح کی بیماریوں اور کمزوری سے بچ جاتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے ادرک کا استعمال دوا کی طرح اثر انداز ہوتا ہے اور دودھ کی افزائش کو بڑھاتا ہے۔
ادرک کامسلسل استعمال بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتاہے
Jun 03, 2023 | 03:55 AM