پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں میاں بیوی اس وقت سیالکوٹ میں موجود ہیں ۔لوکیٹر کے ذریعے دعا زہرا اور شوہر ظہیر کے سیالکوٹ میں موجود کا انکشاف ہوا جس پر لاہور اور کراچی پولیس کی ٹیمیں دعا زہرا کو لینے کے لیے سیالکوٹ میں موجود ہیں۔ تاہم دعا زہرا اور شوہر بار بار اپنی لوکیشن تبدیل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
دوسری جانب دعا زہرہ بازیابی کیس میں آئی جی سندھ کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی، عدالت نے سابق آئی جی کامران فضل کو جاری شوکاز نوٹس واپس لے لیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں دعا زہرہ کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس آغا فیصل نے کی، دعا کے والدین عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ایسا نہ ہو کہ بچی سرحد پار کر جائے، جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں ایف آئی اے کو پابند کر دیں کہ بچی باہر نہ جائے ۔
دعا کے والد نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے پاس دعا زہرہ کا پاسپورٹ موجود ہے، عدالت نے کہا کہ ہم دعا زہرہ کے پاسپورٹ کو بلاک کرنے کا کہہ دیتے ہیں۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ نظر رکھی جائے بچی غیر قانونی طریقے سے سرحد پار نہ کرسکے،ہمارا مقصد صرف یہ ہے کہ بچی کو عدالت میں پیش کریں۔عدالت نے دعا کے والد سے کہا کہ ان شاء اللّٰہ آپ کی بچی آپ کو مل جائے گی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 جون تک کیلئے ملتوی کر دی۔