ایک نیوز: دوشنبہ میں پاکستان اور تاجکستان کے وزراء اعظم کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تاجکستان کے وزیر اعظم قاہر رسول زادہ سے دوشنبہ میں ملاقات کی، دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان و تاجکستان کے مابین موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تاجک وزیراعظم کو تیسری اعلیٰ سطحی آبی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور آبی سفارت کاری کے شعبے میں تاجکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔
سٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کو پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اس بلندی سے باہمی طور پر مفید اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں میں تعاون کو فروع ملے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی ویژن سنٹرل ایشیا پالیسی کے مطابق تاجکستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے مزید فروغ کو جاری رکھے گا۔
انہوںنے خطے کی پائیدار اور طویل مدتی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی روابط کی کلیدی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اراکین پارلیمنٹ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے اراکین پارلیمنٹ کی مسلسل بات چیت اور روابط کی اہمیت پر زور دیا۔