ایک نیوز:دریاؤں میں سیلاب کےخدشہ کےپیش نظراین ڈی ایم اےنےایڈوائزری جاری کردی۔
این ڈی ایم اےکی ایڈوائزری کےمطابق دریائے چناب اور کابل میں درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث 3 جولائی سے تمام بڑے دریاؤں اور معاون دریاؤں میں پانی میں اضافے کا امکان ہے، دریائے چناب میں مرالہ اور اسکی ڈاون اسٹریم علاقوں اور دریائے کابل میں نوشہرہ اور اس کی معاون ندیوں ، نالے میں 4 جولائی سے 7 جولائی کے دوران درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ایڈوائزری کےمطابق عوام سے گزارش ہے کہ وہ حالات سے باخبر رہیں ، سیلاب کی صورت حال، موسم کی رپورٹس اور اپ ڈیٹس پر کڑی نظر رکھیں، ہدایات پر عمل کریں، مقامی حکام کی جانب سے احکامات جاری ہونے پر فوری طور پر انخلاء کریں، سیلابی پانی سے اپنے آپ کو بچائیں، سیلابی پانی جراثیم کی موجودگی کے باعث مختلف بیماریوں اور بجلی کے تاروں کے ٹوٹنے کے باعث کرنٹ لگنےکا سبب بن سکتا ہے۔ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے مکین اپنے خاندان کے ساتھ انخلاء کے منصوبے تیار کریں، محفوظ مقام کی نشاندہی کریں اور ضروری سامان کے ساتھ ہنگامی کٹ کی تیاری بھی یقینی بنائیں۔ مسافر شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔