ایک نیوز: پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی نانگا پربت سر کرنے کی مہم کے دوران پہاڑ پر پھنس گئے۔
اطلاعات کے مطابق آصف بھٹی نانگا پربت سر کرنے کی مہم کے دوران برف کوری کا شکار ہوگئے، سینیئر کوہ پیما کیمپ فور پر 7500 میٹر کی بلندی پر پھنسے ہوئے ہیں۔
شمشال کی قراقرم ایکسپیڈیشن آصف بھٹی کو ریسکیو کرنے کیلئے کوشاں ہے، کوہ پیما ہیلی کاپٹر کی فراہمی کے منتظر ہیں۔
خیال رہے کہ اسی مہم کے دوران دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنےکی کوشش میں ہسپانوی سیاح چل بسا ہے۔ ہسپانوی سیاح کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
واضح رہے کہ 8126 میٹر بلند نانگا پربت دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی ہے جسے گزشتہ روز پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے سر کیا ہے، وہ نانگا پربت سر کرنے والی پہلی پاکستانی کوہ پیما بن گئی ہیں۔
نائلہ کیانی کے علاوہ ثمینہ بیگ اور دیگر پاکستانی کوہ پیماؤں نے بھی نانگا پربت سر کیا۔