ایک نیوز: کراچی میں دودھ، برائلر اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ لیکن کمشنر کراچی سمیت انتظامیہ چین کی بانسری بجانے میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق دودھ، برائلر سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر کمشنر کراچی نے موقف دینے سے انکار کردیا ہے۔ دوسری جانب کمشنر کراچی کا پرائس کنٹرول عملہ بھی قیمتیں کم کرانے میں ناکام ثابت ہوا ہے۔
اس وقت شہر میں فی لیٹر دودھ 230 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ برائلر کی فی کلو قیمت 900 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ منافع خوروں کی شہریوں سے لوٹ مار جاری ہے لیکن انتظامیہ کسی بھی کارروائی سے گریزاں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر آفس سے یومیہ جاری کی جانے والی پرائس کنٹرول لسٹ بھی نہیں دی جارہی۔ دوسری جانب شہریوں کا شکوہ ہے کہ پرائس کنٹرول ٹیمیں صرف رمضان میں ہی کام کرتی نظر آتی ہیں۔