میکسیکو کے بلدیہ میئر نے مگرمچھ سے شادی رچالی

Jul 03, 2023 | 18:08 PM

ایک نیوز :میکسیکو کے صوبے  ووہاکا میں واقع شہر' سان پیدرو واومیلولا 'کے بلدیہ میئر وکٹر ہگو سوسا گراسیا نے  مگرمچھ کے ساتھ شادی کر لی۔

شادی، موسیقی اور  رقص کی سنگت میں ، ایک میلے کی شکل میں سرانجام پائی اور شہر کے عوام نے شادی سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔شادی سے قبل 'الاسیا آڈریانا'  نامی دلہن مگرمچھ  کو عروسی لباس پہنایا گیا اور اس دوران کسی حادثے سے بچنے کے لئے دلہن کا منہ باندھ دیا گیا۔ دلہن مگرمچھ کو عروسی جوڑے کے ساتھ 'سان پیدرو واومیلولا'  شہر کی گلیوں میں گھمایا گیا۔

مگرمچھ کو شہر کے عوام کے ساتھ دل بھر کے ڈانس کروایا گیا اور آخر میں نکاح کے مراسم کے لئے بلدیہ  کی عمارت میں لایا گیا۔ بلدیہ دفتر میں شہر کی معتبر دینی شخصیات نے بلدیہ میئر گراسیا  اور مگرمچھ آلیسیا کا نکاح پڑھا۔

نکاح کے دوران جب  بلدیہ میئر گراسیا سے پوچھا گیا کہ انہیں مگرمچھ دلہن  منظور ہے تو  انہوں نے کہا کہ " میں اپنی ذمہ داری قبول کرتا ہوں کیونکہ ہم ایک دوسرے سے  محبت کرتے ہیں۔ محبت سب سے اہم چیز ہے۔ محبت کے بغیر شادی ممکن نہیں ہے۔ ہم بھی ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور مجھے  شہزادی  سے نکاح منظور ہے"۔

واضح رہے کہ سان پیدرو شہر میں یہ رسم 1789 سے جاری ہے۔ کسی دور میں یہ رسم ایک دوسرے کے دشمن دو گروہوں کے درمیان امن اور صلح کی علامت تھی۔ ہر سال ادا کی جانے والی یہ رسم عوام کے لئے خوش قسمتی، برکت اور خوشحالی کا مفہوم رکھتی ہے۔

مزیدخبریں