ترجمان محکمہ زراعت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو کسان دوست قرار دیدیا

ترجمان محکمہ زراعت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو کسان دوست قرار دیدیا
کیپشن: The spokesman of the Department of Agriculture declared the budget for the next financial year as farmer-friendly

ایک نیوز: ترجمان محکمہ زراعت نے موجودہ حکومت کے مالی سال2023-24کے بجٹ کو کسان دوست بجٹ قرار دیدیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ زراعت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے مالی سال2023-24 کے بجٹ میں زراعت کے لئے مجموعی طور پر76ارب روپے مختص کئے ہیں۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے موجودہ مالی سال کے بجٹ میں 38 فیصد اضافہ کیا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کے لئے21 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ مالی سال کے بجٹ میں 4 نئے زرعی تحقیقاتی اداروں کے قیام اور موجودہ اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے کے لئے 13ارب روپے مختص کئے ہیں۔ جنوبی پنجاب میں 3 نئی منڈیوں کے قیام کے لئے 1 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کاشتکاروں کو کھادوں کی رعایتی قیمت پر فراہمی کے لئے10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا ہے کہ کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی،کھالوں کی اصلاح اور زرعی مداخل کی فراہمی کے لئے 2ارب روپے مختص کئے ہیں۔ موجودہ مالی سال چین کے اشتراک سے پنجاب ایگریکلچرل ٹیکنالوجی پارک کی تعمیرکی جائے گی۔ موجودہ مالی سال جنوبی پنجاب میں 50 ہزار ایکڑ بنجر زمین کی آباد کاری اور کھجور کے باغات لگانے کے منصوبہ پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔