ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ آئی ایم ایف سے ڈیل ہونا لمحہ فخریہ نہیں بلکہ لمحہ فکریہ ہے۔ چین سے 5 ارب ڈالر کے رول اوور نہ ملتے تو آج معاملہ کچھ اور ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے 9ماہ میں 3ارب ڈالر ملیں گے، نو ماہ کیلئے ملنے والی رقم عارضی ریلیف ہے ، یہ ہمارے لئے لمحہ فخریہ نہیں بلکہ لمحہ فکریہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگلے پندرہ سے بیس سال اپنے دائرے میں رہ کر کام کرنا ہوگا، چین کے پانچ ارب ڈالر کے رول اوور نہ ملتے تو اس وقت معاملہ مختلف ہوتا، یو اے ای اور سعودی عرب سے ڈالر لانے میں ہمارے سپہ سالار کا کلیدی کردار ہے۔پیرس میں اسلامی ترقیاتی بینک نے ایک ارب ڈالر کا وعدہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سویڈن حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان واقعات ،بیانیہ کا بھرپورنوٹس لے اور فی الفور مجرموں کیخلاف بلاتاخیر کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں انتہائی افسوسناک واقعہ ہواہے، قرآن پاک کی بےحرمتی پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم ،حکومت بھرپورمذمت کرتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسے دلخراش واقعات پیش آچکے ہیں، سویڈن میں اسلاموفوبیا ،نفرت کا بیانیہ بنایاگیا ہے، سویڈن حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ ان واقعات ،بیانیہ کا بھرپورنوٹس لے اور فی الفور مجرموں کیخلاف بلاتاخیر کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اطمینان ہے کہ اوآئی سی نے اس معاملے پر ہنگامی اجلاس بلایا، اوآئی سی کے ہنگامی اجلاس میں سویڈن میں پیش واقعےکی بھرپورمذمت کی گئی، حکومت پاکستان اوآئی سی کے اجلاس اور فیصلے کی بھرپور تائید کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سویڈن میں مسلمان بستےہیں ہیں،اسلاموفوبیا،نفرت کابیانیہ بنایاگیاہے، امیدکرتے ہیں کہ آئندہ اس طرح کاواقعہ نہیں ہوگا، ہماراسویڈن حکومت سےمطالبہ جائزہے، وزارت خارجہ کے ذریعے اس کا فالواپ بھی کریں گے۔