شہبازشریف، مریم نواز کی کوہ پیما نائلہ کیانی، ثمینہ بیگ کو ایک اور کامیابی پر مبارکباد

Jul 03, 2023 | 17:24 PM

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کوہ پیما نائلہ کیانی اور ثمینہ بیگ کو ایک اور کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں نائلہ کیانی اور ثمینہ بیگ کودنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے پر مبارک اور شاباش دی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماﺅنٹ ایورسٹ کے بعد خطرناک ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے والی پہلی خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ایک بار پھر پاکستان کا نام دنیا میں بلند کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں لکھا کہ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ثابت کیا کہ اُن کی ہمت، عزم اور ارادے بلند پہاڑوں سے بھی بلند ہیں۔ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی پاکستانی باہمت خواتین کی نمائندہ ہیں جو جفاکشی، بلند ارادے اور مقصد کو پالینے کی جستجو میں کسی سے پیچھے نہیں۔ میری دعا ہے کہ ثمینہ بیگ، نائلہ کیانی اور اُن جیسی قوم کی دیگر بیٹیاں اسی طرح دنیا میں پاکستان کا نام بلند کرتی رہیں، کامرانیاں سمیٹتی رہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نے مئی 2023 میں نائلہ کیانی کو ستارہ امتیاز کا اعزاز عطا کیا تھا۔ نائلہ کیانی دوسری پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں جنہوں نے ماﺅنٹ ایورسٹ سر کی تھی۔ ثمینہ بیگ پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما تھیں جنہوں نے ماونٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔

چیف آرگنائزر مریم نواز کی بھی خواتین کوہ پیماؤں کو مبارکباد:

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی کو دنیا کی خطرناک ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے والی پہلی پاکستانی خواتین کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا ہے کہ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی قوم کو آپ پر فخر ہے، آپ پاکستانی خواتین کے عزم وہمت کی علامت ہیں۔ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے اپنی مثالی ہمت، پیشہ ورانہ مہارت اور ناقابل تسخیر عزم کو ایک بار پھر دنیابھر پر ثابت کردکھایا۔ 

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ماﺅنٹ ایورسٹ کرکے بتدریج پہلی اور دوسری پاکستانی خواتین ہونے کا اعزاز حاصل کیا، اب” کنگ آف دا ماﺅنٹینز“ کو سر کر کے انہوں نے نئی روایت قائم کی۔ اب خطرناک ترین نانگا پربت سر کرنے والی پہلی پاکستانی خواتین ہونے کا منفرد اعزازبھی ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے پاکستان کے نام کیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین باصلاحیت، باہمت اور پختہ عزم کی مالک ہیں۔ اس کامیابی پر ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی، اُن کے والدین سمیت ان کی تمام ٹیم کو بھی مبارک دیتے ہیں۔

مزیدخبریں