تربت جھڑپ:اہم شخصیات کا پاک فوج کےشہداکوخراج عقیدت

تربت جھڑپ:اہم شخصیات کا پاک فوج کےشہداکوخراج عقیدت
کیپشن: تربت جھڑپ:اہم شخصیات کا پاک فوج کےشہداکوخراج عقیدت

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف ،نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے تربت کے قریب دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید  میجر ثاقب حسین اور  نائیک باقر علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرمیں اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ بلوچستان کے اضلاع شیرانی اور کیچ میں میجر ثاقب حسین سمیت 6سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر مجھ سمیت پوری قوم رنجیدہ ہے۔ شہداء کا مقدس خون قوم پر قرض ہے۔ قوم کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کی ہی بدولت پاکستان کی امن و سلامتی ممکن ہے۔ ہماری افواج کے جری جوان اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خلاف آہنی دیوار ہیں۔ ایسی تمام کوششیں جو بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں ان کے حوالے سے ہمارا قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ بلوچستان کا امن اور اسکی ترقی و خوشحالی ہمارے لیے سب سے مقدم ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی نے وطن عزیز کے امن کے لئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کیں،قوم پاک فوج کے شہید ہونے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے،شہید میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،شہیدوں نے اپنے قیمتی خون سے امن کی شمع روشن کی ہے،شہید میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کرتے ہیں،زخمی لانس نائیک عمیر کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔

دوسری جانب گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نےتربت کے قریب دہشت گردوں کے خلاف أپریشن کے دوران شہید  ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی کے خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ شہداء نے وطن عزیز میں امن اور سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں،شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،پوری قوم دہشت گردی کی خلاف جنگ میں متحد ہے،گورنر پنجاب نے زخمی لانس نائیک کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔