ایک نیوز:حکومت کا جماعت اسلامی کو سویڈش سفارتخانے کے سامنے احتجاج کی اجازت دینےسے انکار،جماعت اسلامی نے ہر صورت سفارتخانے کے باہر احتجاج کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف جماعت اسلامی کل مورخہ 3 جولائی شام 6 بجے سویڈن سفارتخانے کے باہر اجتجاجی مظاہرہ کرے گی۔حکومت نے جماعت اسلامی کے مظاہرے کو سویڈن ایمبیسی جانے سے روکنے کی کوششیں تیز کردیں۔
ترجمان جماعت اسلامی عامر بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہر گز ٹکراؤ نہیں چاہتی،جماعت اسلامی سفارتخانے کے باہر پرامن مظاہرہ کرے گی،حکومت کسی بھی قسم کی رکاوٹ اور طاقت کے استعمال سے باز رہے،حکومت سپر مارکیٹ میں ہی مظاہرے پہ بضد ہے،جماعت اسلامی کوہسار مارکیٹ سفارتخانے کے باہر اجتجاجی مظاہرہ کرے گی۔
ادھر امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سویڈن حکومت کی سرپرستی میں قرآن کریم جلانے کی ناپاک جسارت ہوئی،اسلامی ممالک کی جانب سے بھی سرکاری سطح پر بھرپور ردعمل دیا جانا چاہیے، مغربی استعماری ممالک مسلمانوں کو کسی قسم کی اہمیت دینے کو تیار نہیں، مغرب کا اپنا نظام بری طرح ناکام ہوچکا ہے اور اب وہ اسلام کی حقانیت تسلیم کرنے کو تیار نہیں،مغربی نظام نے انسانیت کو جنگ و جدل، خون خرابہ، فحاشی اور غربت دی۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک اور پاکستان کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سویڈن کے واقعہ پر شدید سے شدید تر ردعمل دیں،پہلے مرحلے میں تمام عالم اسلام سے سویڈن کے سفیروں کو نکالا جائے، جماعت اسلامی واقعہ کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
قیصر شریف سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی اور ترجمان جماعت اسلامی محمد عامر بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان جماعت اسلامی سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف سویڈن سفارت خانے تک احتجاجی مارچ کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں مظاہرے کی قیادت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم کریں گے،قیصر شریف سویڈن حکومت کی اشیر باد سے رونما ہو نے والے اس واقعہ کے خلاف بھر پور احتجاج ریکارڈ کروائیں،سویڈن میں ہو نے والا واقعہ دنیا کے امن کو تباہ اور آگ لگا نے کے مترادف ہے،سویڈن یا یورپ میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے،افسوسناک امر یہ ہے کہ سٹاک ہوم پولیس کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دی۔
مظاہرین جامع مسجد رابطہ عالم اسلامی سپر مارکیٹ کے باہر جمع ہو کر سویڈن ایمبیسی کی جانب مارچ کریں گے۔شہریوں سے احتجاج میں شرکت کی اپیل بھی کردی۔