فرانس:مظاہرین نے میئر کا گھر جلا دیا، پُرتشدد احتجاج پانچویں روز میں داخل

فرانس:مظاہرین نے میئر کا گھر جلا دیا، پُرتشدد احتجاج پانچویں روز میں داخل

ایک نیوز:  فرانس میں مظاہرین نے میئر کا گھر جلا دیا، پُر تشدد احتجاج پانچویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فرانسیسی پولیس کیخلاف 17 سالہ نوجوان کی ہلاکت کیخلاف فرانس کی سڑکیں پانچویں دن بھی میدان جنگ بنی رہیں، جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مار کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔مزید 700 دکانیں اور بینک جلاؤ گھراؤ سے متاثر ہوئےہیں۔جھڑپوں میں 200 سے زائد پولیس اہل کار زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ گرفتار مظاہرین کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی

حملہ آوروں نےپیرس کے ایک مضافاتی میئر کے گھر کو آگ لگائی اور جان بچانے کے لیے وہاں‌ سے بھاگنے والی ان کی بیوی اور بچوں پر راکٹ فائر کر دیے۔ واقعے کے وقت میئر ونسنٹ جین برون گھر پر نہیں تھے لیکن ان کی اہلیہ کی ٹانگ ٹوٹ گئی اور ایک بچہ بھی زخمی ہوا۔

وزیر اعظم ایلزبتھ بورن نے اس واقعے کو ناقابل برداشت قرار دے دیا ہے، اور اسے قتل کی کوشش قرار دیا۔فرانسیسی صدر نے موجودہ صورت حال کے پیشِ نظر دورہ جرمنی ملتوی کر دیا ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتشدد مظاہرے روکنے کے لیے ملک بھر میں 45 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے شورش زدہ علاقوں کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے جب کہ متاثرہ علاقوں میں بکتر بند بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔