ایک نیوز: شہداءِ پاک سرزمین کو سلام،وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ نور اللہ انتہائی نڈر آفیسر تھے جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا،لیفٹیننٹ نور اللہ نے 8 مئی 2023 کو دہشت گردوں کیخلاف جواں مردی اور دلیری سے دفاع وطن میں جام شہادت نوش کیا، لیفٹیننٹ نور اللہ شہید کا تعلق ضلع کوہلو، بلوچستان سے تھا۔
لیفٹیننٹ نور اللہ شہید کے والد نے کہا کہ ”نور اللہ شہید 30 مارچ 2022 کو پی ایم اے کاکول سے پاس آؤٹ ہوئےاور ان کی پہلی پوسٹنگ کشمیر کے کٹھن سرحدی محاذ پر ہوئی،13ہزار فٹ کی بلندی پر نوراللہ شہید کی پوسٹ تھی اور وہاں یہ ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے،نوراللہ شہید کی ڈیوٹی کا عرصہ ٹوٹل 13 ماہ 8دن تھا اور اسی دوران انہوں نے 8 مئی صبح کے وقت جامع شہادت نوش فرمایا،ہمارے بیٹے کو پاک آرمی جوائن کرنے کا شوق جنون کی حد تک تھا اور اس نے بڑی محنت سے ڈیوٹی سر انجام دی جو بھی پاک آرمی نے اسائنمنٹ دی بڑے فخر سے اسے قبول کیا۔
لیفٹیننٹ نور اللہ شہید کے والد نے مزید کہا کہ نوراللہ شہید نے اپنے تمام سینئر اور آفیسرز سب کو مطمئن کیااور اللہ کو یہی منظور تھا اللہ نے ان کو شہادت کا رتبہ عطاکیا،نوراللہ شہید کا دوست ابھی عمرہ پر گیا تھا اس سے بھی یہ ہی کہا کہ میرے لئے دعا کیجئے گا کہ میں جام شہادت نوش کروں اور اللہ نے دعاقبول کی،نوراللہ شہید نے ہم سب بلوچستان والوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے ۔ اللہ ہم سب کو صبر جمیل عطا فرمائے،میرا تمام جوانوں کے لئے پیغام ہے کہ پاکستان آرمی جوائن کریں اور اپنے پاک وطن کے لئے خدمات سر انجام دیں۔ ہماری پہچان یہ پاک وطن ہے۔لیفٹیننٹ نور اللہ شہید اپنی جوانی وطنِ عزیز پر قربان کر کے آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ بن گیا۔