مسٹر پرفیکشنسٹ  عامر خان کیریئر کے آغاز میں کس خوف کا شکار تھے

Jul 03, 2023 | 00:37 AM

ایک نیوز: بالی ووڈ کے کامیاب ترین ہیروز میں سے ایک اور فلم انڈسٹری کو نئی اور انوکھی کہانیاں دینے والے عامر خان اپنے کیریئر کے آغاز میں اس کامیابی کی امید نہیں کرتے تھے بلکہ وہ ایک ان دیکھے خوف کا شکار تھے۔

بھارتی معروف اداکار و ہدایتکار عامر خان نے فلم انڈسٹری میں اُس وقت قدم رکھا جب امیتابھ بچن کا طوطی بولتا تھا۔ اُس زمانے میں ہیرو کے لیے آواز میں مردانہ وجاہت، اسٹائل اور دراز قد ہونا لازمی سمجھا جاتا تھا۔

اُس دور کی فلمی ہیروئنز بھی دراز قد ہوا کرتی تھیں جب کہ عامر خان کا قد محض 5 فٹ 5 انچ ہے اور انھیں خوف تھا کہ قد کی وجہ سے وہ فلم انڈسٹری میں نہیں چل پائیں گے بلکہ شاید ان کے مدمقابل کوئی ہیروئن بھی نہ مل پائے۔

  سوشل میڈیا پر ایک بار پھر عامر خان کا 2012 میں فلم ‘تلاش’ کی ریلیز کے دوران کیے جانے والے انٹرویو کا ایک کلپ زیر گردش ہے جس میں ساتھی اداکارہ رانی مکر جی اور عامر خان نے چھوٹے قد پر اپنے خوف اور تجربات کا اظہار کیا۔

رانی مکھرجی کا کہنا تھا کہ پوری فلم انڈسٹری میں ان کا قد سب سے چھوٹا ہے لیکن یہ کمی کامیابی کی راہ میں کبھی رکاوٹ نہیں بنی۔

انٹرویو میں عامر خان نے انکشاف کیا تھا کہ فلم انڈسٹری میں سب ہی کسی نہ کسی خوف کا شکار رہتے ہیں۔ میں فلمی کرئیر کے آغاز میں اپنے چھوٹے قد کی وجہ سے کافی خوف زدہ رہتا تھا۔فلم ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ سے دبنگ آغاز کرنے والے عامر خان نے بتایا کہ اُس وقت لگتا تھا کہ امیتابھ جیسے دراز قد اداکاروں کی موجودگی  لوگ مجھے ٹنگو کہہ کر پکاریں گے لیکں اب صورت حال بالکل برعکس ہے۔

مزیدخبریں