ایک نیوز:ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دیکر 5 میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔
لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 43 رنز سے شکست سے دوچار کیا، آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 371 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 327 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
میزبان ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کی 9 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے کھیلی گئی 155 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کروا سکی۔ بین ڈکٹ نے بھی 9 چوکوں کی مدد سے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی مگر ان کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔
دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ کیمرون گرین نے حاصل کی۔
خیال رہے کہ لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 427 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم 325 رنز بنا سکی تھی جبکہ دوسری اننگز میں کینگروز 279 رنز پر آؤٹ گئے تھے اور انگلش ٹیم 327 رنز اسکور کر سکی۔