ویب ڈیسک:پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے 2025 کو مذہبی سیاحت کے فروغ کا سال قرار دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہم تمام اسلامی اور عرب ممالک کے ذمہ داران سے رابطہ کریں گے تاکہ مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے، اگر پاکستان کے اہم سفری اور سیاحتی ادارے متحد ہو کر کوشش کریں تو اربوں ڈالرز کی آمدنی سیاحت کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ حج کے بعد پاکستان میں اہم اسلامی عرب ممالک کے سیاحتی وزراء کی کانفرنس بلانے کی کوشش کی جائے گی، حافظ اشرفی نے سعودی عرب کی ٹورازم وزارت کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے تاکہ پاکستان کے سیاحتی شعبے کو بھی ترقی دی جا سکے۔
حافظ طاہر اشرفی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج و عمرہ سے متعلق نئی جہتوں اور تعاون کے راستوں کو کھولنے پر زور دیا اور کہاہم کسی صورت نہیں چاہتے کہ حج کے معاملے میں کسی کے ساتھ زیادتی ہو۔
انہوں نے ایس آئی ایف سی (اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل) کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مذہبی سیاحت کے فروغ میں اہم معاون ثابت ہو سکتی ہے، پاکستان کی مقدس جگہوں اور اسلامی تاریخ کو دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے پرکشش بنایا جائے تاکہ مذہبی سیاحت کے ذریعے نہ صرف ملکی معیشت مضبوط ہو بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی تبادلے کو بھی فروغ دیا جا سکے۔