پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت منظور

Jan 03, 2024 | 22:19 PM

ویب ڈیسک:پشاور ہائی کورٹ نے رہنما پی ٹی آئی زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی،گرفتاری سے بھی روک دیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی ضمانت کی درخواست پر سماعت شروع کی اور استفسار کیا کہ ایس ایس پی آپریشن پشاور کہاں ہیں۔
اس موقع پر زرتاج گل کے وکلا اور عدالت نمبر 1 کا عملہ بھی موجود تھا۔
 چیف جسٹس ابراہیم خان نے ایس ایس پی آپریشن کاشف آفتاب عباسی طلب کرلیا۔ اور ریمارکس دیے کہ آج کیا ہو رہا تھا مجھے اسلام آباد سے آنا پڑا، انصاف نہیں دے سکتا تو مجھے استعفے دینا چاہئے، اگر نہ پہچتا تو کیا یہ عورت رات ہائی کورٹ میں گزارتی۔
سی سی پی او پشاور عدالت میں پیش ہوئے اور بیان دیا کہ زرتاج گل ہمیں کسی بھی مقدمے میں مطلوب نہیں، انہیں گرفتارنہیں کریں گے۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو زرتاج گل کی گرفتاری سےروک دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ خاتون کی درخواست کیوں پینڈنگ رکھی گئی، رات کے 10 بجے ہیں یہ بچی یہاں انصاف کے لئے بیٹھی ہیں۔  ہمارے کسی بھی وکیل کے ساتھ ظلم ہوگا تو میں 3 بجے بھی عدالت لگاونگا۔

زرتاج گل نے کہا سر اگر آپ مجھے ضمانت بھی دے دیں تو یہ مجھے گرفتار کریں گے۔چیف جسٹس نے جواب  دیا کہ یہ آپ کو گرفتار کریں تو پھر میں جانو ں اور ان کے آئی جی جانے۔چیف جسٹس نے زرتاج گل کو کل 12بجے تک 1لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کاحکم دیتے ہوئے اپنے پی ایس او کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ۔کمیٹی میں پولیس کی جانب سے بدتمیزی کاشکاروکلا کو بھی پیش ہونے حکم دیدیا۔

 

مزیدخبریں