ریٹرننگ افسران کےفیصلوں کیخلاف اپیلیں دائر کرنےکاآج آخری روز

Jan 03, 2024 | 11:24 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا آج آخری روز ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے 9 ججز پر مشتمل ایپلٹ ٹریبونل ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کر کے 10 جنوری تک فیصلے کریں گے، اب تک 100 سے زائد اپیلیں ٹریبونل میں دائر ہو چکی ہیں، جن پر سماعت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے این اے 130 سے کاغذات کی منظوری کے خلاف دائر اپیل پر سماعت ہوئی۔

اپیلٹ ٹریبونل کے جج رسال حسن سید نے اپیل پر سماعت کی، عدالت نے ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض بھی ختم کر دیا، رجسٹرار آفس کی جانب سے مصدقہ دستاویزات نہ لگانے کا اعتراض عائد کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ نواز شریف کے کاغذات منظوری کے خلاف دائر اپیل مقامی وکیل اشتیاق احمد نے دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نواز شریف تاحیات نااہل ہیں، ریٹرننگ افسر نے قانون کے منافی فیصلہ سنایا۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی نے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کر دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے موقف اپنایا کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کئے، ٹریبونل ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر کاغذات نامزدگی منظور کرے۔

خیبرپختونخوا میں بھی کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

الیکشن ٹریبونل پشاور میں کاغذات نامزدگی مسترد یا منظوری کے خلاف اب تک 50 اپیلیں دائر کی جا چکی ہیں جنہیں الیکشن ٹریبونل نے سماعت کے لیے منظور کرلیا۔

سابق صوبائی وزیر عاطف خان، سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان، سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی اور سابق ایم پی اے افتخار مشوانی اور عبدالسلام آفریدی کی اپیلیں بھی سماعت کے لیے منظور کرلی گئی ہیں۔

این اے 236 سے پی ٹی آئی کے عالمگیر خان کی اپیل پر الیکشن ٹریبونل نے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر سے جواب طلب کرلیا۔
پی ایس 109 پر ایم کیو ایم کی درخواست پر بھی فریقین کو نوٹس جاری ہوئے۔
پی ایس 76 میر پور ساکرو سے آزاد امیدوار غلام نبی کھٹی نے اپنی اپیل مقابل کے دستبردار ہونے پر واپس لے لی۔
این اے 230 اور این اے 231 سے پی ٹی آئی امیدوار کی اپیل پر الیکشن ٹریبونل نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
این اے 236 سے ایم ایم ایل کے امیدوار عمران علی کی درخواست پر نوٹس جاری ہوچکے۔
این اے 234 سے آزاد امیدوار سردار رفیق کی اپیل پر بھی فریقین سے جواب طلب کیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم لندن کے نثار پنہور نے این اے 231 سے مسترد کرنے کے خلاف اپیل دائر کی ہے۔
ایم کیو ایم کے آفتاب احمد بقائی نے این اے 248 اور 232 سے کاغذات مسترد کرنے کو چیلنج کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 3 جنوری تک دائر کی جاسکتی ہے۔

الیکشن ٹربیونلز 4 جنوری سے اپیلوں پر سماعت کریں گے اور 10 جنوری تک اپیلوں پر فیصلہ جاری کریں گے۔

مزیدخبریں