ایک نیوز: افغان طالبان عبوری حکومت کا سینئر وفد آج اسلام آباد میں پاک افغان مشترکہ کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس میں شریک ہو گا۔ افغان عبوری حکومت کے وفد کی قیادت سینئر طالبان راہنماء اور گورنر قندھار ملا شیرین اخوند کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مشترکہ کوآرڈنیشن کونسل اجلاس میں شرکت کرنیوالے افغان عبوری وفد میں 9 سے 10 اراکین شامل ہیں۔ افغان عبوری حکومت کے وفد میں افغان وزارت دفاع، وزارت اطلاعات اور انٹیلیجنس حکام شامل ہیں۔ وفد دورہ پاکستان میں پاکستانی حکام سے دو طرفہ مذاکرات بھی کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان عبوری حکومت کا اہم وفد پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی سے بھی ملاقات کرے گا۔ افغان وفد کی دورہ پاکستان میں دفتر خارجہ و عسکری حکام سے دیگر ملاقاتیں متوقع ہیں۔ وفد پاک افغان مشترکہ کوآرڈینیشن کونسل اجلاس اور دیگر ملاقاتوں میں پاک افغان تناؤ میں کمی پر بات کرے گا۔
پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان میں موجود کالعدم گروہوں کے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر مؤقف اختیار کیا جائے گا۔ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔
پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان میں موجود حافظ گل بہادر سمیت کالعدم دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ بھی متوقع ہے۔پاک افغان سرحدی باڑ، چمن سرحد پر ویزا فری سرحدی نقل و حمل کے امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ افغان عبوری حکومت کا وفد گذشتہ روز اسلام آباد پہنچا تھا۔