ایک نیوز :حکومت نےپی سی بی کو پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق بیچنے کی اجازت دیدی۔
پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن سے متعلق معاملات میں تیزی آگئی ہے۔
وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کو گزشتہ دنوں ہدایت دی تھی کہ وہ ایسا کوئی فیصلہ وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر نہ کرے جس میں مالی معاملات شامل ہوں۔اس کے بعد پی سی بی نے پی ایس ایل کے نشریاتی و دیگر حقوق کی فروخت کےلیے حکومت سے رابطہ کیا تھا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق بورڈ کو حکومتی اجازت ملنے کے بعد پاکستان سپر لیگ کی ٹیکنیکل بڈ اوپن کردی گئیں۔ فنانشل بڈ اگلے ہفتے کھل جائیں گی جس کے بعد پاکستان سپر لیگ کے نشریاتی حقوق کا فیصلہ ہوجائے گا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ڈیجیٹل رائٹس کی فروخت پر بھی اسی ہفتے فیصلہ ہوجائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے 17 فروری سے آغاز کےلیے بھی تیاری تیز کردی ہے۔پی ایس ایل کا 9واں ایڈیشن 17 فروری کو لاہور سے شروع ہوگا جبکہ 17 مارچ کو کراچی میں اسکا فائنل کھیلا جائے گا۔