ایک نیوز:وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب پاکستان کادورہ کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے ملائیشیا کے ہم منصب اسماعیل صابری یعقوب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا گیا۔ شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے نئے وزیراعظم اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان برادرانہ قریبی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا، جب کہ تجارت و سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
وزیراعظم پاکستان نے ملائیشین ہم منصب کو جنیوا میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ملائیشین وزیراعظم نے ڈونرز کانفرنس میں اعلیٰ سطح کا وفد بھجوانے کی یقین دہائی کرائی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب کے پاس وزیر خزانہ کا قلمدان بھی ہے۔
ملائیشین وزیراعظم نے پاکستانی ہم منصب کو بھی ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی۔ جب کہ شہباز شریف کی جانب سے دی گئی دورہ پاکستان کی دعوت ملائیشین وزیراعظم نے قبول کرلی۔