اداکاراؤں پر الزامات :دوسری اداکارائیں بھی میدان میں آگئیں

Jan 03, 2023 | 21:57 PM

ایک نیوز :یوٹیوبر کی طرف سے اداکاراؤں پر سنگین الزامات کے بعد دوسری اداکارائیں بھی میدان میں آگئیں ۔اداکاراؤں نے کردار کشی کی مہم کی شدید مذمت کی ۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ انوشے اشرف نے  انسٹاگرام پوسٹ میں یوٹیوبر کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے اداکاراؤں کی کردارکشی کی شدید مذمت کی۔انہوں نے لکھا کہ چوں کہ اداکارائیں مشہور ہوتی ہیں، ان کا نام لینے سے ہی ہیڈ لائنز بنتی ہیں اور دوسروں کو شہرت بھی ملتی ہے، اس لیے ہر کوئی اداکاراؤں کو آسان ہدف سمجھ کر ان کی کردارکشی کرتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہمارے سماج میں جس بندے نے اسکول نہیں پڑھا ہوتا اور کسی چیز کا کوئی علم تک نہیں ہوتا، وہ بھی خواتین کے لباس اور کام پر رائے دیتا ہے۔


اداکارہ زارا نور عباس نے بھی اداکاراؤں پر الزامات لگانے کی مہم کی مذمت کی اور لکھا کہ اظہار کی آزادی کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کوئی بھی کبھی بھی اٹھ کر کسی خاتون پر الزام لگادے۔زارا نور عباس نے لکھا کہ خواتین یا مرد حضرات پر شواہد کے بغیر الزامات لگانے والے افراد کا احتساب ہونا چاہئے۔

اداکارہ منشا پاشا نے لکھا کہ خواتین اگرچہ طاقتور اور مضبوط بھی ہوتی ہیں تو بھی ان پر ایک عام آدمی الزامات لگا سکتا ہے اور انہیں بدنام کرتا ہے۔خواتین پر الزامات لگانے کے عمل کو بزدلانہ قرار دیا۔
فیشن ڈیزائنر ماہین خان نے پوسٹ کی اور لکھا کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ خواتین کی بدنامی ہمیشہ جاری رہتی ہے اور میڈیا بھی انہی کا احتساب کرتا دکھائی دیتا ہے۔


اداکارہ میرا سیٹھی نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اداکاراؤں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی بہادری کو سراہا اور لکھا کہ الزامات پر آواز بلند کرنے والی اداکارائیں بہادر ہیں۔
اداکار منیب بٹ نے بھی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے عادل راجا کے الزامات کو 1990 کی گندی سیاست کا تسلسل قرار دیا۔

مزیدخبریں