کراچی، حیدرآباد کے ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا حکم معطل کرنے کا فیصلہ

کراچی، حیدرآباد کے ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا حکم معطل کرنے کا فیصلہ
کیپشن: Decision to suspend appointment of administrators of Karachi, Hyderabad(file photo)

ایک نیوز: سندھ حکومت نے ایم کیو ایم پر جوابی وار کردیا۔ ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا حکم نامہ معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی کے ضلع  شرقی، کورنگی اور حیدرآباد میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے حکم نامے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تینوں ایڈمنسٹریٹرز کو عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ سندھ حکومت ایڈمنسٹریٹرزکو ہٹانے کے معاملے میں ایم کیو ایم کو بھی اعتماد میں لے گی۔

الیکشن کمیشن نے تینوں افسران کی تعیناتی کو خلاف ضابطہ قرار دیا تھا جب کہ سندھ ہائیکورٹ نے اس معاملے پر کل چیف سیکرٹری سندھ اور سیکریٹری بلدیات کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے الیکشن شیڈول کے بعد سیاسی بنیادوں پر ایڈمنسٹریٹر ز کی تقرری کو چیلنج کردیا۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر اور ایم پی اے بلال غفار نے شہاب امام ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کردی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فرقان اطیب،شکیل اور محمد شریف کو کراچی کے مختلف اضلاع میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کیا گیا ہے۔ یہ افسران متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے بھی ارکان ہیں۔ ان افسران کی سیاسی بنیادوں پر تقرری بلدیاتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔ سیف الرحمان کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر بھی تبادلے و تقرریوں پر پابندی کی مدت میں تعینات کیا گیا یے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ مل کر انتخابی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہی ہے۔ انتخابی قوانین سےمتصادم یہ تعیناتیاں غیر قانونی اور کالعدم قرار دی جائیں۔