ایک نیوز: کرسٹیانو رونالڈو پیر گزشتہ رات میڈرڈ سے سعودی دارلحکومت ریاض پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سعودی فٹبال کلب النصر سے معاہدے کے بعد رونالڈ نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے مداحوں سے جلد ملنے کا وعدہ کیا تھا۔ سعودی کلب النصر کی جانب سے کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ معاہدے کے اعلان کے بعدرونالڈو اور ان کے اہل خانہ کی دارالحکومت ریاض میں رہائش کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔مشہور فٹبالر اور اس کے خاندان کے لیے ریاض میں المحمدیہ میں ایک محل کی تیاری کا انکشاف ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ محل 8 بیڈ رومز، ایک بڑی آبشار، بڑے سبز علاقوں اور ایک اولمپک سوئمنگ پول پر مشتمل ہے۔ اس محل کے ساتھ 3 اضافی ولاز بھی ملحق ہیں۔
برطانوی اخبارنے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ رونالڈو سعودی دارالحکومت کے پرتعیش محلوں میں سے ایک میں رہیں گے۔ وہ المحمدیہ کالونی میں رہیں گے جو ایک پرسکون اور پر تعیش مقام ہے یا پھر وہ النخیل کالونی میں رہائش پذیر ہوں گے جو کہ بین الاقوامی سکولوں کے لیے مشہور ہے۔
واضع رہے کہ معروف فٹبالر کے سعودی عرب کی کلب سے معاہدہ کے تقریباً 24 گھنٹے کے اندر 25 لاکھ سے زیادہ صارفین نے النصر ایف سی کلب کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو فالو کرنا شروع کر دیا ہے۔اس اعلان کے بعد اکاؤنٹ میں 400 فیصد اضافے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانورونالڈو کے پرستار انہیں ہر جگہ فالو کریں گے۔
النصر کلب نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی کرسٹیانو رونالڈو کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے اور اس موقع کو ' تاریخ سے بڑھ کر' قرار دیا ہے۔ رونالڈو انسٹاگرام پر 500 ملین سے زیادہ فالوروز کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ مقبول کھلاڑی ہیں اور اگر ان میں سے 10 فیصد نے بھی النصر کلب میں ان کے کھیل کو فالو کیا تو سعودی پروفیشنل لیگ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی لیگ میں سے ایک ہو گی۔