دہشتگردی پر زیروٹالرنس اور اقتصادی روڈ میپ، سلامتی کمیٹی نےاہم فیصلے لےلیے، شہباز شریف

Jan 03, 2023 | 10:43 AM

ایک نیوز: گزشتہ روز سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹ میں بڑے فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے دہشت گردوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔ پوری قوت سے ان سے نمٹا جائے گا جبکہ معشیت بحال کرکے عوام کوریلیف دیا جائے گا۔

انہوں نے لکھا کہ کئی گھنٹوں کی مشاورت اور بحث و مباحثے کے بعد قومی سلامتی کمیٹی نے بعض اہم فیصلے کیے ہیں۔ ان میں سے دو فیصلے اہم ترین ہیں۔ 

ریاست پاکستان رٹ چیلنج کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائے گی۔ امن پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا۔  

انہوں نے لکھا کہ دوسرا اقتصادی روڈ میپ کے تحت معیشت کو بحال کیا جائے گا۔ معاشی بحالی سے عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔

دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیاء کے ہم منصب اسماعیل صابری یعقوب کو ٹیلی فون کیا اور وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارک دی۔ وزیراعظم نے ملائیشیاء کے نئے وزیراعظم اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

دونوں وزراء اعظم نے پاکستان اور ملائیشیاء کے درمیان برادرانہ قریبی تعلقات کو مزید مظبوط کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں قائدین نے تجارت وسرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق  کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے ہم منصب کو 9 جنوری کو جینیوا میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد سے آگاہ کیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے ڈونرز کانفرنس میں اعلی سطحی وفد بھجوانے کی یقین دہائی کرا دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستانی ہم منصب کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی۔

مزیدخبریں