لیجنڈری فٹبالر پیلےکی والدہ اب تک بیٹے کی موت سے بے خبر

Jan 03, 2023 | 10:08 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: فٹبال کے لیجنڈری کھلاڑی برازیل سے تعلق رکھنے والے   پیلے کی ضعیف والدہ   اب تک بیٹے کی موت سے بے خبر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ جمعرات کو دنیائے فٹبال کے بادشاہ پیلے 82 سال  کی عمر میں انتقال کرگئے تھےپیلے کی 100 سالہ والدہ کو اب تک علم نہیں ہے کہ ان کے بیٹے کا انتقال ہوچکا ہے۔اس بات کا انکشاف  پیلے کی بہن ماریا لوسیا ڈو نیسیمینٹو نے کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ  زیادہ عمر ہونے کی وجہ سے   والدہ اپنی ہی دنیا میں کھوئی رہتی ہیں۔ جب میں بھائی کا نام لیتی ہوں تو وہ آنکھیں کھولتی ہیں لیکن جب میں کہتی ہوں کہ اس کے لیے دعا کریں تو والدہ کو کچھ سمجھ نہیں آتا۔ گزشتہ ماہ پیلے نے اپنی والدہ کی 100ویں سالگرہ منائی تھی، انہوں نے والدہ اور اپنی کچھ تصاویر  سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کی تھیں۔

فٹبال  کے بادشاہ  کی حیثیت سے مشہور پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے تین ورلڈ کپ 1958، 1962 اور 1970 جیتے اور 1977 میں ریٹائر ہوئے۔ پیلے 2021 میں بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا ہوئے آپریشن کے ذریعے ٹیومر تو نکال دیا گیا لیکن سرجری کے بعد وہ بیمار رہنے لگے۔ پیلے بیماری کی وجہ سے ہسپتال پہنچے تو اُن کا مرض سنبھل نہ سکا، 21 دسمبر کو ڈاکٹروں نے بتایا کہ پیلے کا کینسر پھر سے بڑھ چکا ہے اس لیے اُن کو زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔ ہسپتال داخلے کے ایک ہفتے بعد وہ وفات پا گئے۔

مزیدخبریں