کردارکشی مہم: مہوش حیات بھی میدان میں آگئیں

کردارکشی مہم: مہوش حیات بھی میدان میں آگئیں
کیپشن: Character killing campaign: Mehwish Hayat also entered the fray(file photo)

ایک نیوز: سوشل میڈیا پر جاری کردار کشی مہم پر اداکارہ کبریٰ خان، سجل علی کے بعد اب مہوش حیات بھی میدان میں آگئی ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری کردار کشی کی مہم پر پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کا موقف بھی آگیا۔ اپنے ایک بیان میں مہوش حیات نے کہا " سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے کچھ لوگ انسانیت کے درجے سے بھی گر جاتے ہیں، امید ہے کہ آپ اپنی دو منٹ کی شہرت کا لطف لے رہے ہوں گے، صرف اس لیے کہ میں اداکارہ ہوں، میرا نام یوں نہیں گھسیٹا جاسکتا۔"

مہوش حیات کا مزید کہنا تھا " بے بنیاد الزامات عائد کرنے اور کسی ایسے شخص کے بارے میں جس کے  بارے میں آپ کچھ نہیں جانتے بے بنیاد جھوٹ پھیلانے پر آپ پر لعنت ہو اور اس سے بھی بڑی شرمندگی ان لوگوں کے لیے جو اس بکواس پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ ہمارے معاشرے کی بیماری کو ظاہر کرتا ہے جو بغیر سوچے سمجھے اس گٹر جرنلزم کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔" 

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اب رکنا چاہیے اور فوری طور پر رکنا چاہیے، وہ کسی کو اپنا نام بدنام کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔

خیال رہے کہ میجر  (ر) عادل راجہ نے دعوی کیا تھا کہ جنرل فیض حمید کے پاس چار اداکاراؤں  کے ساتھ اہم شخصیات  کی  نازیبا ویڈیوز موجود ہیں. انہوں نے اپنے وی لاگ میں اداکاراؤں کے پورے نام نہیں بتائے تاہم انہوں نے ناموں کے شروع کے حروف (MH, KK, SA, MH) بتائے جس کے بعد سوشل میڈیا پر ماہرہ خان، کبری خان سجل علی اور مہوش حیات کے خلاف ایک نازیبا مہم شروع ہوگئی. دو روز سے جاری کردار کشی کی اس مہم پر اداکارہ کبری خان نے  میجر عادل راجہ کو چیلنج کیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں کبری خان نے کہا کہ وہ ابتدائی طور پر اس لیے خاموش رہیں کیونکہ ایک جعلی ویڈیو ان کے وجود کو نہیں مٹا سکتی لیکن اب بہت ہوگیا. "آپ کو لگتا ہے کہ کوئی بھی شخس بیٹھے بٹھائے مجھ پر انگلی اٹھائے گا تو یہ آپ کی سوچ ہے، مسٹر عادل راجہ اس سے پہلے کہ آپ کسی پر انگلی اٹھائیں آپ کے پاس ثبوت ہونے چاہئیں۔

اداکارہ نے میجر عادل راجہ سے کہا کہ ان کے پاس صرف تین دن ہیں کہ ثبوت سامنے لائیں، ورنہ اپنا بیان واپس لیں. کبری خان نے میجر عادل راجہ کو مخاطب کرکے کہا کہ میں صرف پاکستانی نہیں بلکہ برطانوی شہری بھی ہوں اس لیے میں تمہارے پیچھے وہاں بھی آؤں گی کیونکہ میں سچ پر ہوں، میں حق پر ہوں اور میں کسی کے باپ سے بھی نہیں ڈرتی۔

 علاوہ ازیں اداکارہ سجل علی نے بھی اس مہم پر بیان جاری کیا ہے اور کہا ہے  "یہ بہت افسوسناک ہے کہ ہمارا ملک اخلاقی طور پر پست اور بدصورت ہوتا جا رہا ہے۔ کردار کشی انسانیت کی بدترین شکل اور گناہ ہے۔"