محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے.
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پروفیسر کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے محمد حفیظ نے کرکٹ کی دنیا کو خیر باد کہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کا یادگار لمحہ وہ تھا جب پہلی بار پاکستان کے لئے کرکٹ کھیلا،پی سی بی سے کبھی شکایت نہیں رہی اور نہ اظہار کیا،ریٹائرمنٹ کا مجھے افسوس نہیں،میں بہت مطمئن ہوں.
انہوں نے مزید کہا کہ بیوی بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کروں گا،زندگی کا تکلیف دہ لمحہ وہ تھا جب میچ فکسر کے خلاف آواز اٹھائی،مجھے جواب ملا آپ نے کھیلنا ہے تو کھیلیں وہ تو کھیلیں گے.
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے فخر کیساتھ ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں، اپنے کیریئر سے خوش ہوں، آج جس مقام پر ہوں اس کا کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا، یہ سب کرکٹ کی وجہ سے ہے لہذا اپنے تمام ساتھی کرکٹرز ، کپتانوں، سپورٹ سٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 18 سال پاکستان کے سبز رنگ کی کٹ زیب تن کرنے پر خوش قسمت اور فخر محسوس کرتا ہوں، کیریئر میں کئی اتار چڑھاو کا سامنا کرنا پڑا مگر اس دوران اپنے دور کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
یاد رہے کہ محمد حفیظ ٹیسٹ کرکٹ سے 2018 میں ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور اس وقت صرف محمدود اوور کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔پروفیسر نے 392 بین الاقوامی میچز میں 12789رنز بنائے اور 253 وکٹیں حاصل کیں، محمد حفیظ پاکستان کے لیے تین آئی سی سی ورلڈ کپ اور چھ ٹی 20ورلڈ کپ کھیلے۔