ایک نیوز: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے پیکا ایکٹ اور 26ویں ترمیم جعلی حکمرانوں کے گلے پڑیں گے، پیکا ایکٹ سمیت 26 ویں ترمیم کا مقصد جعلی حکومت کو تحفظ دینے کے سوا کچھ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے 8 فروری کو پیکا ایکٹ اور 26ویں ترمیم سمیت تمام غیر قانونی ہتھکنڈوں کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی، پیکا ایکٹ اور 26 ویں ترمیم 8 فروری کے الیکشن پر ڈاکہ ڈالنے کو تحفظ دینے کی کوشش ہے،8 فروری کو فارم 47 کا استعمال کرکے جمہوریت پر شب خون مارا گیا تھا، جعلی حکومت جعلی اور نامکمل پارلیمنٹ سے کالے قوانین پاس کر رہی ہے، صحافی برادری سمیت ہر شعبے اور مکتبہ فکر کو 8 فروری کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے، جعلی حکومت کالے قوانین کے ذریعے اپنے اقتدار کو طول دینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، پیکا ایکٹ اور 26ویں ترمیم جعلی حکمرانوں کے گلے پڑیں گے ۔
انہوں نے کہا 8 فروری ملک کو مینڈیٹ چوروں کے چنگل سے آزاد کرانے کے عہد کا دن ہے، 8 فروری 2024ءکو تاریخی دھاندلی کرکے جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا، رات گئے تک ملک کی سب سے مقبول جماعت کلین سویپ کررہی تھی، صبح نتائج مکمل تبدیل کرکے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، فارم 47 کا استعمال کرکے جعلی حکومت بنائی گئی جس سے ملک میں سیاسی عدم استحکام پروان چڑھا۔
بیرسٹر سیف نے معیشت کے حوالے سے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ایسی ڈھٹائی سی دھاندلی کی گئی کہ جعلی حکمران کسی سے آنکھ نہیں ملاسکتے تھے، مینڈیٹ چوری کرکے جو جعلی حکومت بنائی گئی ہے اس سے ملک نہیں سنبھل رہا ،ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، عوام دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں، جعلی حکمرانوں کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں صرف اپنی کرسی بچانے میں لگے ہوئے ہیں، جعلی حکومت کو سہارا دینے کے لئے ملک میں لاقانونیت کو فروغ دیا جارہا ہے ۔