ویب ڈیسک :کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے موسم سرد ہوگیا ۔
تفصیلا ت کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی ، ضلع وسطی ، ناظم آباد،لیاقت آباد،گلبرگ،عزیز آباد میں تیز بارش ہوئی ،شادمان،پاپوش میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ،بارش کے باعث مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا، ٹریفک کی روانی بھی متاثرہوئی ، بارش شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی ، گلشن حدید،پپری ،شاہ ٹاؤن ،اسٹیل ٹاؤن ،شاہ لطیف اور دیگر علاقوں میں بارش سے موسم سرد ہوگیا ۔
کراچی میں موسلادھاربارش کے باعث ایئرپورٹ پرفلائٹ آپریشن معطل ہوگیا ۔لاہورسےکراچی آنےوالی پی آئی اےکی پروازکولینڈنگ کی اجازت نہ ملی،پی آئی اے پروازکارخ لاہورکےلیےموڑدیاگیا، دبئی سےکراچی آنےوالی غیرملکی ائیرلائن کی پروازکوبھی لینڈنگ کی اجازت نہ ملی۔
ترجمان کے-الیکٹرک نے ہدایت کی ہے کہ بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط کریں ۔بارش اور کھڑے پانی میں موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹی وی انٹر نیٹ کیبلز ، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز، سے دور رہیں۔غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں ۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور بجلی بند کی جاسکتی ہے ۔ کے الیکٹرک صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور فیلڈ اسٹاف ہائی الرٹ پر ہے ۔ شکایت کی صورت میں 118 کال سینٹر ، 8119 پر ایس ایم ایس یا کے الیکٹرک سوشل میڈیا پلیٹ فورم پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔