ویب ڈیسک :این اے 127، پی پی 160میں پیپلزپارٹی کی جانب سے ووٹ خریدنے کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے امیدوار عطاتارڑ نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے ۔
تفصیلا ت کے مطابق این اے 127سے ن لیگ کے امیدوار عطاتارڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا ہے ۔الیکشن کمیشن کواس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے، ووٹرزکے شناختی کارڈ اپنے پاس رکھ کر ووٹ خریدا جارہا ہے،حلف لے کر پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کے لیے ووٹرز کو کہا جارہا ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا رونے والے خود ایسا کررہے ہیں۔
عطاتارڑ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے این اے 127میں رشوت کا بازار گرم کررکھا ہےاب پیپلزپارٹی پر لاہور میں اعتبار کون کرے گا؟ ووٹ خریدنے والوں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے، یہاں کسی کو اجارہ داری قائم نہیں کرنے دی جائے گی،ایسا کرنے والوں کا گراؤنڈپر ووٹ بینک موجود نہیں ہے۔
عطاتارڑ نے مزید کہا کہ ہم نے میڈیا کو ساتھ لے جا کر لوگوں کو موقع سے پکڑا،ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو اپنی ٹرانسپورٹ پر لایا جا رہا تھا،لوگ جوق در جوق لائے جا رہے ہیں، قرآن پر ہاتھ رکھوا کر ووٹ پیپلزپارٹی کو دینے کا حلف لیا جا رہا تھا، ووٹر زکو سورۃ یاسین پر ہاتھ رکھوا کر حلف لیکر ووٹ خریدا جارہا تھا،ہم نے یہاں سے کچھ ٹیب پکڑے ہیں جن میں ریکارڈ موجود ہے، ثبوت موجود ہیں کہ پیپلزپارٹی کی طرف سے ووٹ خریدے جا رہے تھے، کوٹ لکھپت تھانے میں موجود ہیں،رنگے ہاتھوں پکڑے گئے افراد بھی یہاں ہیں۔
عطاتارڑ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے ہماری شکایت پر پیر کو نوٹس لینے کا کہا ہے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر لاہور کے پاس اس وقت بھی میرا وکیل بیٹھا ہوا ہے،چیف الیکشن کمشنر خود نوٹس لیں،پیر تک تو یہ کافی ووٹ خرید چکے ہوں گے ،اس کام کو فوری روکا جائے، میں لاہور کے کسی وڈیرے کو اجارہ داری قائم نہیں کرنے دوں گا،جب کسی اتھارٹی نے کارروائی نہ کی تو میں نے خود چھاپہ مارنا مناسب سمجھا۔