عام انتخابات 2024:کس پارٹی نے کتنی خواتین امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ؟؟

عام انتخابات 2024:کس پارٹی نے کتنی خواتین امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ؟؟
کیپشن: عام انتخابات 2024:کس پارٹی نے کتنی خواتین امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ؟؟

ویب ڈیسک :ملک بھر میں 8فروری کو عام انتخابات ہونے جارہے ہیں ، انتخابات کے حولے سے سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ چکی  ہے ،مردوں کیساتھ ساتھ کئی حلقوں سے خواتین بھی انتخابات لڑرہی ہیں ۔کس پارٹی نے کتنی خواتین کو ٹکٹ دی ہے اس کی تفصیل درج ذیل ہے :

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)  نے 35 خواتین کو پارٹی ٹکٹس دیئے ہیں  جن میں 11 قومی اسمبلی اور 24 صوبائی اسمبلی کی نشستیں شامل ہیں ، ان کے کل نمائندوں 779 میں سے  4.5 فیصد تعداد خواتین کی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)  نے 28 خواتین کو ٹکٹس دیئے ہیں جن میں سے  13 کو قومی اسمبلی اور 15 کو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابی میدان میں اتارا ہے ، یعنی  پارٹی کی طرف سے 668 امیدواروں میں سے  4.2 فیصد خواتین ہیں۔تحریک لبیک نے سب سے کم خواتین نمائندگان کو میدان میں اتارا، ٹی ایل پی نے 11 خواتین کو اسمبلیوں کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے۔

جبکہ8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں میں سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سب سے زیادہ خواتین امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔

پی ٹی آئی نے ملک بھر میں 754 امیدواروں میں سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 53 خواتین امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دیے ہیں، یعنی پی ٹی آئی کی حمایت کے ساتھ میدان میں اترنے والے نمائندگان میں سے 7 فیصد تعداد خواتین کی ہے۔

انتخابات میں 11 ہزار  165 آزاد امیدواروں میں سے  513 خواتین امیدوار صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے ملک بھر سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لے رہی ہے۔

مجموعی طور پر 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں 17 ہزار امیدوار مدمقابل ہیں جن میں سے صرف 839 خواتین ہیں جب کہ پاکستان کی آبادی کا 49 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔پاکستان کا انتخابی قانون اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 5 فیصد پارٹی ٹکٹس خواتین کو دیں۔