یو اے ای اورپاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں،وزیراعظم

Feb 03, 2024 | 18:05 PM

ویب ڈیسک:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

 نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے فارن ٹریڈ ڈاکٹر تھانی بن احمد الزیئودی نے ملاقات کی۔وزیراعظم نےمتحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار  کیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا تھا کہ معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے بھرپور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے میرے حالیہ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔جس سے پاک متحدہ عرب امارات اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔ متحدہ عرب امارات 1.8 ملین پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ کاکہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ریلوے کنیکٹوٹی کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔تاکہ دونوں اطراف کے عوام کے درمیان روابط میں اضافہ ہو سکے۔ دونوں ممالک کے تاجروں اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو قریب لانے میں حکومت پاکستان ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔

 متحدہ عرب امارات کے وزیر فارن ٹریڈ کا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں مزید بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں نگران وفاقی وزیر برائے بحری امور شاہد اشرف تارڑ، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں