ایک نیوز:نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پرامن اور شفاف الیکشن کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزارت داخلہ، الیکشن کمیشن کے سیکرٹریز، ترجمان دفتر خارجہ اور پی آئی او کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں 4 دن باقی ہیں، صاف اور شفاف الیکشن کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، قومی اسمبلی کی 266 نشستوں پر انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے، ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے، ہم ایک آزاد ملک ہیں، اس ملک میں سب کو اپنی اپنی رائے دینے کا حق ہے، ہم عدالتوں کو کنٹرول نہیں کرتے،وہ آزاد ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن میں سکیورٹی کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پولیس سب سے پہلے سکیورٹی کے فرائض انجام دے گی، دوسرے حصے میں فرنٹیئر کارپس (ایف سی)، رینجرز سکیورٹی دیں گے۔