فلم ’پٹھان‘ کی ریلیز پر3سال قید ہوگی،سینسر بورڈ کےحکم پرنمائش منسوخ  

Feb 03, 2023 | 21:43 PM

ایک نیوز:سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے ایکشن پر بھارتی فلم ’پٹھان‘ کی کراچی میں غیرقانونی نمائش کو منسوخ کردیا گیا۔

سندھ بورڈ آف فلم سینسرز نے کراچی میں بھارتی فلم ’پٹھان‘ کی غیر قانونی نمائش کی خبروں کا نوٹس لیا تھا۔

 سوشل میڈیا کے ذریعے یہ علم ہوا ہے کہ فائر ورکس ایونٹس نامی کوئی ادارہ 4 فروری 2023 کو ڈی ایچ اے میں انڈین فلم پٹھان کی عوامی نمائش کا اہتمام کررہا ہے اور مذکورہ کمپنی نے فلم کے ٹکٹس بھی بک کرلیے ہیں۔
 سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کی جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کوئی بھی نجی پارٹی یا فرد کسی بھی فلم کی سرکاری یا پرائیویٹ سطح پر عام نمائش کا اہتمام کرنے کا حق نہیں رکھتا جب تک کسی فلم کو عوامی نمائش کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ جاری نہ کیا گیا ہو۔

چیئرمین بورڈ خالد بن شاہین کا کہنا تھا کہ سندھ موشن پکچرز ایکٹ 2011 کا سیکشن 4 (10) کسی فلم کی پبلک یا پرائیویٹ نمائش کو ریگولیٹ کرتا ہے اور کوئی بھی بورڈ کی تصدیق کے بغیر فلم کی نمائش نہیں کرسکتا، اس لیے مناسب ہے کہ فلم پٹھان کی نمائش کو فوری طور پر منسوخ کردیا جائے۔

 مذکورہ کمپنی کو جاری کیے گئے نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر آپ مذکورہ بالا ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے تو ایسی خلاف ورزی سیکشن 18(1) کے تحت دی گئی سزا کے مترادف ہوگی۔

جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی فلم جس کی بورڈ سے تصدیق نہ کی گئی ہو، اس کی غیر قانونی نمائش کی صورت میں نمائش کنندہ کو تین سال قید یا 100,000 روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جاسکتی ہیں اور جرم جاری رکھنے کی صورت میں روزانہ کی بنیاد پر 10,000 روپے مزید جرمانہ لگایا جاسکتا ہے۔

سندھ بوڑڈ آف فلم سینسرز کی وارننگ کے بعد فائر ورکس ایونٹس نامی ادارے ’پٹھان‘ کی نمائش منسوخ کردی۔

مزیدخبریں