ایک نیوز :مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مشکل ترین حالات میں حکومت سنبھالنے کا مقصد ملک کو بچانا تھا۔
تفصیلات کےمطابق چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے لاہور کے سابق ممبران پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی اور انہیں لاہور میں فعال کردار ادا کرنے کا ٹاسک دیا۔ملاقات کرنیوالوں میں ملک سیف کھوکھر، خواجہ عمران نذیر، میاں مرغوب، حافظ میاں نعمان، رمضان صدیق بھٹی، کرنل ریٹائرڈ طارق، حبیب اعوان، اختر حسین بادشاہ شامل تھے جبکہ لیگی ایم این اے عابد رضا بھی وہاں موجود تھے۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمارے قائد نواز شریف کی سیاست عوامی خدمت سے عبارت ہے، گزشتہ 4 برسوں میں عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے سوا کچھ نہیں ملا اور عمران خان آج بھی اپنی نااہلی بچانے کے لئے جھوٹ کو سہارا لے رہا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا ہے کہ عوام با شعور ہیں وہ ایسے عناصر کو ہمیشہ کے لئے مسترد کر دیں گے، پارٹی نے ذمہ داری دی ہے، ان شاء اللہ آپ سب کے ساتھ مل کر پارٹی کو اور زیادہ مستحکم اور فعال کروں گی۔