ایک نیوز : پرتگال سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ ’بوبی‘ نامی کتے نے دنیا کا سب سے معمر ترین کتا ہونے کا اعزاز حاصل کرکے گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام شامل کروالیا۔
گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق اس سے قبل سب سے زیادہ عمر کے کتے کا اعزاز آسٹریلیا کے ’بلیو‘ نامی کتے کے پاس تھا جس کی عمر 29 اور 5 ماہ تھی جو سنہ 1939 میں انتقال کرگیا تھا۔یکم فروری کو بوبی کی عمر 30 سال 226 دن ہوگئی ہے اور اپنی عمر کے لحاظ سے وہ بہتر کام کر رہا ہے، رواں برس مئی میں بوبی 31 سال کا ہوجائے گا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق پرتگالی حکومت کے پالتو جانوروں کے ڈیٹا بیس کی جانب سے بوبی کی عمر کی تصدیق ہوگئی ہے۔بوبی نے اپنی پوری زندگی کوسٹا خاندان کے ساتھ پرتگال کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں گزاری جہاں وہ اپنے 3 بہن بھائیوں کے ساتھ رہ رہا ہے۔
بوبی کے مالک 38 سالہ لونل کوسٹا کا کہنا ہے کہ بوبی کھانے کا بہت شوقین ہے، بہت زیادہ پانی پیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بوبی ایک دن میں تقریباً ایک لیٹر پانی پی جاتا ہے جبکہ وہ 4 بلیوں کے ساتھ کھیلنا بھی پسند کرتا ہے۔