ایک نیوز : ہانگ کانگ میں کووڈ-19کی وجہ سے سفری پابندیاں 3 سال کے بعد ختم ہونے کے بعد حکومت نے 5 لاکھ مفت فضائی ٹکٹس دینے کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ہانگ کانگ نے سیاحوں کے لیے ایک بار پھر اپنے دروازے کھول دیے ہیں، حکومت نے سیاحوں کو دوبارہ ملک میں متوجہ کرنے کے لیے ’ہیلو ہانگ کانگ‘ کے عنوان سے مہم شروع کی ہے۔یہ مہم ملکی معیشت کو بحال کرنے کے لیے کی گئی جہاں ملک میں کورونا پابندیوں کے بعد سیاسی دباؤ اور کاروبار شدید متاثر ہوا تھا۔
چیف ایگزیکٹو جان لی نے کاروباری افراد اور سیاحوں سے خطاب کرتے ہوئے 5 لاکھ مفت ٹکٹس فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ ملک کی رونق دیکھ سکیں گے، انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ میں اب کوئی قرنطینہ اور پابندیاں نہیں ہے۔
مفت ٹکٹس کی فراہمی کا آغاز مارچ سے ہوگا جو مخصوص ایئر لائنز کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے جن میں کیتھی پیسیفک، ایچ اے ایکسپریس اور ہانگ کانگ ایئرلائن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ موسم گرما کے دوران 80 ہزار مفت ٹکٹس مقامی رہائشی افراد کو بھی دی جائیں گی۔
چیف ایگزیکٹو جان لی نے کہا کہ ’کسی بھی ملک کی جانب سے غالباً یہ دنیا کا سب سے بڑا خیر مقدم (ویلکم) ہے‘۔