ایک نیوز :مفت پاس ورڈ شیئر کرنے سے روکنے کیلئے نیٹ فلیکس نے کارروائیاں شروع کردیں ۔
تفصیلات کےمطابق مقبول ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کی جانب سے 2023 کی پہلی سہ ماہی کے اختتام سے مختلف ممالک میں اکاؤنٹ پاس ورڈ شیئر نگ روکنے کے لیے کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے پہلے ہی چند ممالک میں اس حوالے سے کام کیا جارہا ہے اور مختلف فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔اب کمپنی نے پہلی بار تفصیل سے بتایا ہے کہ وہ کیسے ایک اکاؤنٹ کو مختلف افراد کو استعمال کرنے سے روکے گی؟
کمپنی کے ایف اے کیو پیج میں اس حوالے سے تفصیلات دی گئی ہیں، جس میں انکشاف کیا گیا کہ کسی گھر یا پرائمری لوکیشن میں نہ رہنے والے افراد اس جگہ کے اکاؤنٹ کو دیگر مقامات پر اسٹریمنگ مواد دیکھنے کے لیے استعمال نہیں کرسکیں گے۔
اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ آپ کی ڈیوائسز اس جگہ کے وائی فائی سے منسلک ہوں، اس مقصد کے لیے کمپنی کی جانب سے صارفین کو پرائمری لوکیشن کے وائی فائی سے کنکٹ کرنے کا کہا جائے گا۔اب ایسا ممکن نہیں ہوگا اور ایک اکاؤنٹ کو بس ایک گھر کے اندر ہی استعمال کیا جاسکے گا۔
کمپنی کے مطابق جو فرد کسی مختلف جگہ پر غیر متعلقہ ڈیوائس سے اکاؤنٹ میں لاگ ان ہونے کی کوشش کرے گا، اس کی سروس تک رسائی روک دی جائے گی۔مگر کمپنی کی جانب سے گھر سے باہر اکاؤنٹ کی تفصیلات شیئر کرنے پر خودکار طور پر اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔
گھر سے باہر کسی نئی ڈیوائس پر نیٹ فلکس پر سائن ان ہونے پر صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔
ایسے صارفین کی جانب سے سائن ان کرتے ہوئے کمپنی سے ایک عارضی کوڈ فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی، جس سے انہیں 7 دن تک گھر سے باہر اکاؤنٹ تک رسائی مل جائے گی۔
نیٹ فلکس کی جانب سے آئی پی ایڈریسز، ڈیوائس آئی ڈی اور اکاؤنٹ کی سرگرمیوں کو مدنظر رکھ کر تعین کیا جائے گا کہ پرائمری لوکیشن پر آپ اپنے اکاؤنٹ پر کسی ڈیوائس پر سائن ان ہوئے ہیں یا نہیں۔