سکیورٹی فورسز کا نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن، 13 دہشتگرد ہلاک

Feb 03, 2022 | 15:16 PM

admin
راولپنڈی:سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کلیئرنس آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 13 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں نوشکی، پنجگور میں دہشت گرد حملوں کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 13 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں چھپے حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف گزشتہ رات کلیئرنس آپریشن کیا، آپریشن کے دوران نوشکی میں پانچ مزید دہشت گرد مارے گئے، نوشکی میں مجموعی طور پر نو دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ نوشکی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 1 افسر سمیت 4 بہادر جوان شہید ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے گزشتہ شام بلوچستان کے 2 مقامات پنجگور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملے کی کوشش کی تھی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچاتے ہوئے دونوں حملوں کو کامیابی سے پسپا کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ پنجگور میں دہشت گردوں نے 2 مقامات سے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم فوجی جوانوں کی بروقت جوابی کارروائی نے دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور 4 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوگیا جب کہ دہشت گرد فرارہوگئے ہیں اور کچھ کی ہلاکتوں کا تعین کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔
مزیدخبریں