ایک نیوز: وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد ہو رہا ہے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے کردہ اہداف پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خزانہ ومحصولات سیینٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ قریبی ربط و مشاورت سے 37 ماہ پر محیط پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا جائے گا، وزیر خزانہ نے میکرواکنامک اصلاحات پر سختی سے کاربند رہنے کا تسلسل سے اعادہ کیا ہے ،وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ کی حالیہ بریفنگ میں ملک کے دیرپا اور مستقبل معاشی استحکام کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی کلیدی اہمیت کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی اہمیت اور اس پر عمل درآمد کی بھرپور عکاسی کی ہے ، آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد میں نام نہاد مشکلات کے حوالے سے قیاس آرائیاں انفرادی اختراع کی عکاس اور معتبر ثبوت سے عاری ہیں ۔
حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے اور تندہی و شفافیت کے ساتھ آئی ایم ایف سے طے شدہ اہداف پر تمام تر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد ایک مستحکم، پائیدار اور ہما گیر معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔
حکومت آئی ایم ایف کیساتھ طے کردہ اہداف پر عمل درآمد کیلئے پرعزم :وزارت خزانہ
Dec 03, 2024 | 12:31 PM