پاکستان چوتھے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کا چیمپئین بن گیا

Dec 03, 2024 | 12:52 PM

ایک نیوز: پاکستان چوتھے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کا چیمپئین بن گیا ۔
فائنل میں بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست پاکستان نے 140 رنزکا ہدف بغیر کسی نقصان کے10.2 اوورز میں مکمل کرلیا، پاکستان کے کپتان نثارعلی نے72اور محمد صفدر نے47رنز بنائے۔
  پاکستان نے پہلی بارٹی 20بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
 پاکستانی ٹیم پورے ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہی ، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چئیرمین سیدسلطان شاہ نے پاکستانی ٹیم اور پوری قوم کو ورلڈ کپ کی جیت پر مبارکباد دی ہے۔

اس سے قبل فائنل میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا،چوتھے بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 140 کا ٹارگٹ دے دیا تھا۔
  بنگلہ دیش نے 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر139 رنزبنائے ، بنگلہ دیش کیجانب سے عارف حسین نے 52 بالز پر 54 اور محمد سلمان نے 35 بالز پر 31 رنز بنائے ، بابر علی نے 4اوورز میں 24 رنزکے عوض 2 کھلاڑیوں کو أوٹ کیا۔
 صدر ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بہت اچھا کھیلا امید ہے آج فائنل پاکستان جیتے گا، بھارت اگر آتا کھیلنے تو بہت اچھا ہوتا لیکن بھارت کھیل میں ہر دفعہ سیاست لے آتا ہے،یہ ورلڈ کپ بہت کامیاب رہا ہے۔

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی،محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ  پورے ٹورنامنٹ میں بلائنڈ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا، کپتان نثار علی اور محمد صفدر نے شاندار بیٹنگ کی اور فائنل میں فتح سمیٹی، پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کو بی مبارک باد دیتا ہوں، بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نےجذبے کے ساتھ محنت کی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا اعزاز جیتا۔

مزیدخبریں